دمشق،11ستمبر(ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا)شام کے شہر دیر الزور سے داعش تنظیم کو نکالے جانے کے بعد شامی سرکاری فوج اور سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے درمیان شہر پر کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے مقابلے بازی جاری ہے۔تازہ ترین زمینی پیش رفت میں بشار کی فوج نے روسی فضائی طیاروں کی معاونت سے دیر الزور کے فوجی ہوائی اڈے کے جنوب میں واقع جبلِ ثردہ پر کنٹرول حاصل کر لیا۔ یہ پیش رفت داعش تنظیم کے وہاں سے اپنے ٹھکانے چھوڑ دینے کے بعد سامنے آئی ہے۔اس طرح ہوائی اڈے کے مشرق میں واقع تزویراتی اہمیت کے حامل دو قصبوں المریعیہ اور البوعمر کو نشانہ بنانا آسان ہو گیا ہے۔ شامی فوج کے ان دونوں قصبوں پر کنٹرول کی صورت میں ہوائی اڈے پر طیاروں کی آمد و رفت محفوظ ہو جائے گی۔اسی طرح شامی زمینی فوج کے لیے الجفرہ ، حویجہ اور صکر کے علاقوں کی جانب پیش قدمی بھی محفوظ بن جائے گی۔
دوسری جانب سیریئن ڈیموکریٹک فورسز نے بھی دیر الزور کی جانب پیش قدمی کی اور شہر کے بیرونی اطراف تک پہنچ گئیں۔اس سے قبل شامی حکومت کی فوج اور اس کے زیر انتظام ملیشیائیں دیر الزور سے دمشق جانے والے راستے پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے اور دیر الزور کے ہوائی اڈے اور دیگر علاقوں کا محاصرہ ختم کرنے میں کامیاب ہو گئیں ، یہ محاصرہ 2015 کے اوائل سے جاری تھا۔